۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مقامات مقدسہ

حوزہ/ حرم امام رضا (ع) کے متولی نے ایران و عراق کے مقامات مقدسہ کی انتظامیہ کے درمیان باہمی روابط کو مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کہ دونوں ممالک کے مقاماتِ مقدسہ کی انتظامیہ کے تجربات کے تبادلے سے زائرین کو دی جانے والی خدمات کی کیفیت اور معیار میں بہتری آئے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق؛ حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے عراق میں واقع آئمہ علیہم السلام کے حرم کی زیارات سے مشرف ہونے کے ساتھ ہی حرم امام علی(ع)، حرم امام حسین(ع)، حرم حضرت عباس(ع) اور کاظمین و سامرا کے مقامات مقدسہ کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور اس دوران زیارت کے مسائل اور اہلبیت(ع) کے معارف اور تعلیمات کو فروغ دینے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے باہمی تجربات کے تبادلے پر تاکید کی اور کہا کہ مواصلاتی نیٹ ورک کی تشکیل، علم و دانش اور باہمی تجربات کے تبادلے اور مقاماتِ مقدسہ کی انتظامیہ کے مابین قریبی تعاون سے زائرین کو دی جانے والی خدمات میں توسیع و فروغ کے ساتھ ممکنہ مسائل کے حل میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔

حجت الاسلام مروی نے اپنی گفتگو میں مذہبی امور، علم اور سماجی خدمات کے مختلف شعبوں میں آستانہ قدس رضوی کے چند ایک اہم اقدامات اور پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آستانہ قدس رضوی نے گزشتہ کئی دہائیوں میں مختلف شعبوں بشمول مذہبی، ثقافتی، علمی اور یونیورسٹی سے لے کر صحت، علاج، ملکی ضروریات کو پورا کرنے اور کئی فلاحی کاموں سمیت نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اپنی عام المنفعت خدمات کو پورے ایران میں پھیلایا ہے۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں عراق کے مقدس مقامات کی انتظامیہ ،مجتہدین،سرکاری حکام اور عراقی عوام کی جانب سے ایران کے صدر محترم کی شہادت پر تعزیت اور ہمدردی کرنے پر ان سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدر محترم کی شہادت کے انتہائی تلخ واقعے کے موقع پر ایرانی اور عراقی عوام کے درمیان اخوت و برادری،اتحاد و یکجہتی اور باہمی ہمدلی قابل دید تھی، اس واقعہ پر حضرت آیت اللہ العظمی سیستانی نے تعزیتی پیغام بھیجا اور تقریباً عراقی حکام اور مقاماتِ مقدسہ کے نمائندوں کی زیادہ تر تعداد تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے کے لئے ایران تشریف لائی۔

حرم امام رضا(ع) کے متولی نے آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کو خدا کی عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں ان کا کردار فقط دینی مسائل تک محدود نہیں ہے بلکہ مختلف سماجی، سیاسی اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے بھی ان کا اہم کردار ہے جس کی وجہ سے وہ نہ فقط عراق بلکہ دنیا بھر میں ایک نمایاں اور با اثر شخصیت ہیں۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس ملاقات کے دوران عراق کے مقاماتِ مقدسہ اور مزارات کے سربراہان نے بھی حرم امام رضا(ع) سے وابستہ مجموعے آستان قدس رضوی کی مختلف شعبوں کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی اور مقدس مزارات کے مابین باہمی تعاون اور ہمدلی اور روابط کو مؤثر اور مستحکم بنانے پر حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی کی کوششوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا اور ان کے اس سفر کو آستان قدس رضوی اور عراق کے مقدس مقامات کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے کا بہترین موقع قرار دیا۔

واضح رہے کہ حرم امام رضا (ع) کے متولی نے عراق کے تمام مقامات مقدسہ کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور انہیں ایران آنے اور حرم امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہونے کی دعوت بھی دی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .